ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / نیس حملہ:دو مزید گرفتاریاں، 12ہزار ریزرو پولیس طلب

نیس حملہ:دو مزید گرفتاریاں، 12ہزار ریزرو پولیس طلب

Sun, 17 Jul 2016 18:19:43    S.O. News Service

پیرس ،17جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)فرانس میں ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی شہر نیس میں جمعرات کی شب قومی دن کی تقریبات کے موقع پر ہونے والے حملے کے حوالے سے دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حملوں کے سلسلے میں ایک مرد اور ایک عورت کو گرفتار کیا گیا ہے۔اس حملے کے حوالے سے گرفتار کیے گئے افراد کی کُل تعداد سات ہو گئی ہے۔اس سے قبل فرانس میں پولیس کے 12000اضافی اہلکاروں کو فرائص سونپے گئے ہیں۔پیرس میں پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق 84افراد کو ہلاک کرنے والے شخص سے تعلق رکھنے کے شبہے میں پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا۔بتایا گیا کہ تین افراد کو سنیچر جبکہ دو کو جمعے کو گرفتار کیا گیا ان میں حملہ آور کی سابقہ بیوی بھی شامل ہیں۔دولت اسلامیہ کی جانب سے استعمال کی جانے والی خبر رساں ایجنسی میں کہا گیا ہے کہ نیس کا حملہ اس نے کیا ہے۔نیس میں حملہ کرنے والے شخص سے رابطے کے شک پر چار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔شدت پسند تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اس اعلان کے بعد کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ ان ممالک کو نشانہ بنایا جائے جو عراق اور شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف اتحاد میں شامل ہیں۔ملک بھر میں پہلے ہی ایک لاکھ 20ہزار پولیس اور فوجی اہلکار تعینات ہیں۔ 12000اضافی نفری میں 9000ملٹری پولیس افسران شامل ہیں جبکہ آگے چل کر مزید 3000پولیس افسران بھی شامل کیے جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے 84افراد میں 10بچے شامل تھے۔ سنیچر کو محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ زخمی ہونے والے 303افراد میں سے 121 اب بھی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں 30بچے شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے 26کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔نیس حملے کی عالمی سطح پر سخت مذمت کی گئی ہے اور عالمی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے لڑنے کے لیے علاقائی اور عالمی سطح پر مربوط کوششیں کی جانی چاہئیں۔نیس میں ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والوں میں فرانس کے علاوہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ تاحال جن افراد کی شناخت ظاہر کی گئی ہے ان میں امریکہ اور آرمینیا کے دو، دو جبکہ فرانس، سوئٹزرلینڈ اور روس کا ایک ایک شہری شامل ہیں۔حملہ آور 31سالہ احمد لحوائج بوہلال نیس کے ہی رہائشی ہیں اور پولیس نے ان کی فلیٹ کی تلاشی بھی لی ہے۔


Share: